سعودی عرب بحران پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے: ایرانی وزیر خارجہ

IQNA

سعودی عرب بحران پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے: ایرانی وزیر خارجہ

14:05 - January 09, 2016
خبر کا کوڈ: 3500072
بین الاقوامی گروپ: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بحران پیدا کرنے پر مبنی سعودی عرب کی کوششوں کے بارے میں خبردار کیا ہے
ایکنا نیوز- سحرٹی وی- 

وزارت خارجہ کے پریس آفس کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے نام اپنے خط میں لکھا ہے کہ سعودی عرب میں بعض افراد کو اس بات کا خوف لاحق ہے کہ ایرانوفوبیا کے خاتمے کے بعد وہ حقیقی خطرات سامنے آجائیں گے جو انتہا پسندوں اور سعودی حکام کے حامیوں کی جانب سے دنیا والوں کو لاحق ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے کہ قتل عام کا ارتکاب کرنے والے انتہا پسند اور دہشت گرد گروہوں القاعدہ، طالبان، داعش اور جبھۃ النصرہ کے عناصر یا تو سعودی عرب کے شہری ہیں یا سعودی عرب نے ان کی برین واشنگ کی ہے۔

محمد جواد ظریف نے یمن میں ایران کے سفارتخانے پر حملے، ایرانی حجاج اور زائرین کے ساتھ مسلسل بدسلوکی، سعودی حکام کی جانب سے ایران اور شیعہ مسلمانوں کے خلاف باضابطہ طور پر نفرت پھیلانے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اقتصادی جنگ کے لئے اکسانے کو ایران کے ساتھ براہ راست مقابلے کے سلسلے میں سعودی عرب کے اشتعال آمیز اقدامات قرار دیا۔

محمد جواد ظریف نے تاکید کی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے عوام کے پختہ ایمان کے سہارے انتقامی کارروائی سے اجتناب کیا ہے اور سعودی عرب کی جانب سے فرقہ واریت کو ہوا دینے کے مقابلے میں سب کو اسلامی اتحاد کی دعوت دی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے مزید لکھا ہے کہ ایران نے بارہا تشدد اور انتہا پسندی سے مقابلے اور علاقائی استحکام کے سلسلے میں سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کرنے پر اپنے آمادگی کا اظہار کیا ہے اور اسےامید ہے کہ سعودی حکام انتہا پسند گروہوں کی حمایت کرنے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کا سلسلہ ترک کر کے اچھی ہمسائیگی کا اصول اپنائیں گے اور خطے کے استحکام کے لئے مفید کردار ادا کریں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی حکومت نے تہران اور مشہد میں واقع سعودی عرب کے سفارت خانے اور قونصل خانے پر حملوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی، سعودی عرب کے سفارت کاروں کی سلامتی اور عزت کو یقینی بنایا اور اس نے مجرمین کو سزا دینے اور اس طرح کے واقعات دہرائے جانے کی روک تھام کرنے کی راہ اختیار کی ہے

نظرات بینندگان
captcha