‘امریکا کو سعودی عرب سے صحافی کے مبینہ قتل پر جواب طلب کرنا چاہیے’

IQNA

‘امریکا کو سعودی عرب سے صحافی کے مبینہ قتل پر جواب طلب کرنا چاہیے’

15:21 - October 08, 2018
خبر کا کوڈ: 3505193
بین الاقوامی گروپ: امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ادارے سے منسلک صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی اور مبینہ قتل کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکا کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے سعودی عرب سے ‘جواب کا مطالبہ کرے’۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق واشنگٹن پوسٹ نے اپنے اداریے میں صحافی کی گمشدگی پر جواب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘جمال خاشقجی کی گمشدگی کے بارے میں تمام حقائق سامنے لانے کے لیے امریکا کو تمام کوششیں ضرور بروئے کار لانا چاہیے’۔

اخبار نے لکھا ہے کہ ‘ہم واضح جواب کا مطالبہ کررہے ہیں’۔

مزید کہا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ولی عہد محمد بن سلمان کو پسندیدہ اتحادی کے طور پر پیش کیا تھا اب سعودی عرب جمال خاشقجی کی گمشدگی کے حوالے سے تمام معلومات سے آگاہ کرے۔

اپنے مطالبات میں انہوں نے کہا کہ ‘اگر ولی عہد مکمل تعاون کے ساتھ جواب نہیں دیتے ہیں تو کانگریس پہلے قدم کے طور پر سعودی عرب سے تمام عسکری تعاون معطل کردے’۔

اخبار نے ترکی سے بھی مطالبہ کیا کہ ان کے پاس جمال خاشقجی کے مبینہ قتل کے بارے میں جو معلومات ہیں اس کو جاری کردیں اور اس حوالے سے تفتیش میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

امریکی اخبار کا کہنا تھا کہ سعودی عرب استنبول جانے والے 15 عہدیداروں کے بارے میں بھی وضاحت کرے جو جمال خاشقجی کی موجودگی میں قونصل خانے میں موجود تھے۔

نظرات بینندگان
captcha